بیجنگ۔28اگست (اے پی پی):چین میں شدید گرمی کی طویل لہر اور سنگین خشک سالی سے کاروباری سرگرمیاں اور لوگوں کی روز مرہ زندگی متاثر ہورہی ہے۔ چینی خبررساں ادارے نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا کہ ملک کے متعدد علاقوں میں درجہ حرارت نے 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 1961 میں اعداد و شمار کا ریکارڈ رکھے جانے کے آغاز سے اب تک یہ گرمی کی شدید ترین لہر ہے جس کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی جاری لہر کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق سیچوان صوبے اور پن بجلی پر انحصار کرنے والے ملک کے دیگر اندرونی علاقوں میں بجلی کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ مقامی حکام نے بعض کارخانوں کو وسط اگست سے بند کروا رکھا ہے۔ میڈیا کا کہنا ہے کہ ہوبئے اور جیانگشی صوبوں میں دریائے یانگزے کے ساتھ ساتھ واقع فارمنگ کی صنعتیں خشک سالی سے شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ ادھر اطلاعات کے مطابق مرکزی حکومت تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر کے متعدد اقدامات کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جن میں بارش برسانے کے لیے راکٹس چھوڑنا بھی شامل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=324186