شنگھائی۔8جولائی (اے پی پی):چین میں موٹاپے کا شکار نوجوانوں کے لئے مصنوعی ذہانت سے چلنے والا ورچوئل ریئلٹی فٹنس سسٹم متعارف کر وا دیا گیا۔ شنہوا کی رپورٹ کے مطابق یہ سسٹم شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی کے صحت اور کمپیوٹر سائنس دانوں کی سربراہی میں ایک بین الاقوامی کثیر الشعبہ ٹیم نے بنایا ہے جو دنیا کا پہلا ذہین ورچوئل ریئلٹی نظام ہے اور اس کا مقصد مصنوعی ذہانت پر مبنی ورچوئل کوچنگ، موشن ٹریکنگ اور عمیق ورچوئل ریئلٹی ماحول کو یکجا کرنا ہے تاکہ وزن کم کرنے کے خواہش مند نوجوانوں کی ورزش کے سیشنز کے ذریعے رہنمائی کی جا سکے۔
جریدے نیچر میڈیسن میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اس نظام کا نام ریویری یعنی ریئل ورلڈ ایکسرسائز اینڈ ورچوئل ریئلٹی بیسڈ ایکسرسائز ریسرچ ان ایجوکیشن ہے۔ یہ ایک ٹرانسفارمر پر مبنی کوچ کی خصوصیات کا حامل ہے جو ایکسر سائز کے لئے رہنمائی کے ساتھ ساتھ انفرادی کارکردگی کےمطابق حقیقی وقت میں فیڈ بیک فراہم کرتا ہے ۔ اس سسٹم کے ایک تجربے کے دوران موٹاپے کا شکار 180 چینی نوجوانوں نے ٹیبل ٹینس اور فٹ بال پر مشتمل ورچوئل کوچنگ پروگرام میں حصہ لیا۔
حوصلہ افزا طور پر، ریویری نے موٹاپے کا شکار نوجوانوں کو وزن کم کرنے، علمی افعال کو بہتر بنانے، اور طویل مدتی ورزش کی حوصلہ افزائی کو برقرار رکھنے میں اہم صلاحیت کا مظاہرہ کیا ۔ اس کے علاوہ کوچنگ پروگرام میں حصہ لینے والے نوجوانوں کے نہ صرف وزن میں کم نوٹ کی گئی بلکہ ان کی تعلیمی کاردکردگی اور یادداشت میں بھی بہتری آئی ۔اس کے ساتھ یہ نظام چوٹ کی شرح کے حوالے سے بھی بہتر ثابت ہو ا ہے کیونکہ کوچنگ پروگرام میں حصہ لینے والے نوجوانوں کو چوٹ لگنے کی شرح حقیقی کھیلوں کے دوران چوٹ لگنے کی شرح سے کم ریکارڈ کی گئی ۔
واضح رہے کہ نوعمروں میں موٹاپا صحت عامہ کا عالمی بحران بن چکا ہے۔ دنیا بھر میں 1990 سے 2022 کے عرصے میں 5 سے 19 سال کی عمر کے موٹاپے کا شکار بچوں کی تعداد تقریباً تین گنا بڑھ گئی ہے۔ چین اب صحت عامہ کے اپنے اقدامات میں نوعمروں کے موٹاپے سے نمٹنے کو ترجیح دے رہا ہے۔