فیصل آباد۔ 28 دسمبر (اے پی پی):چین کی اے جے اے ہولڈنگ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر ایلن زیاؤ نے فیصل آبا د چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا دورہ کیا اور ریسرچ اینڈڈویلپمنٹ بارے قائمہ کمیٹی کے کنوینر انجینئر احمد حسن سے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کے مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا۔
مسٹر ایلن نے بتایا کہ ڈونگو آن سٹی چین کا چوتھا بڑا برآمدی شہر ہے جس نے گزشتہ سال 139ار ب ڈالر کی برآمدات کیں۔ انہوں نے کہا کہ چین میں مہنگی لیبر کی وجہ سے اب وہ عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہے ہیں اور اس سلسلہ میں پاکستان ان کی پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں یہاں جدید صنعتیں بھی قائم کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وہ ایسے مواقعوں کی تلاش میں ہیں جن سے پاکستان برآمد کر کے بھاری زرمبادلہ بھی کما سکے۔ انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کے علاوہ ہنر مند افرادی قوت بھی تیار کی جا سکے گی۔
انجینئر احمد حسن نے چینی مہمان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ چین پاکستان اکنامک راہداری نے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کو معاشی ترقی کیلئے استعمال کرنے کی راہیں کھول دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں فیڈمک کے زیر انتظام جدید صنعتی زون قائم کئے گئے ہیں جہاں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں۔ انجینئر احمد حسن نے بتایا کہ پاکستان کی برآمدات کا انحصار درآمدات پر ہے اور اب پاکستان درآمدات کے متبادل صنعتوں کے قیام کیلئے کوشاں ہے تاکہ درآمدی اور برآمدی فرق کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے مسٹر ایلن کو یقین دلایاکہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری انہیں سرمایہ کاری اور صنعتیں لگانے کے سلسلہ میں ہر ممکن سہولتیں مہیا کرے گا۔
انجینئر احمد حسن نے کہا کہ وہ چینی مہمان کو فیڈمک کا دورہ کرائیں گے تاکہ وہ یہاں غیر ملکی سرمایہ کاری سے لگنے والی صنعتی یونٹوں کا جائزہ لے سکیں۔ چینی کمپنی کے مقامی نمائندے مسٹر سرفراز ملک نے بتایا کہ یہ کمپنی گارمنٹس، مٹلرجی، میڈیکل، مشینری، زرعی ٹیکنالوجی اور فرنیچر سمیت بہت سے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہے جس سے پاکستان کو اپنی مقامی ضرورتوں کو پورا کرنے کے علاوہ برآمدات بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر ایلن اس سے قبل اسلام آباد اور راولپنڈی کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ وہ فیصل آباد کی اہمیت کے پیش نظر اس شہر کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ یہاں سرمایہ کاری کے مواقعوں کی نشاندہی کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ مسٹر ایلن زیاؤ اے جے اے کے علاوہ جیانگ زی چائنا ورلڈ وائیڈ ایکولوجیکل ایگری کلچر کمپنی لمیٹڈ، گوانگ ڈانگ جن سن مینجمنٹ اینڈ کنسلٹنگ کمپنی لمیٹڈاور رائن انٹر نیشنل لمیٹڈ(پاکستان) کے بھی منیجنگ ڈائریکٹر ہیں۔