بیجنگ۔ 10 جون (اے پی پی) چین نے بغیر پائلٹ کا فضائی ٹیکسی تیار کرلی ہے جو شہریوں کو ٹریفک جام کے مسئلے سے نجات دلانے کے علاوہ تیزرفتار اورآرام دہ فضائی سفرکی سہولت فراہم کرے گی۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق ای ہینگ نامی چینی کمپنی نے اڑنے والی فضائی ٹیکسی تیار کرلی ہے تاہم اسے تین سال بعد عوام کے فضائی سفرکی سہولت کے لیے متعارف کرائی جائے گی۔ کمپنی انجینئرزنے کہاکہ چین میں یہ واحد فضائی ٹیکسی سروس ہوگی جو بغیر پائلٹ کے اڑان بھرے گی اور مسافروں کو مقررہ مقام تک پہنچائے گی ، اس میں بیک وقت 2 مسافر سفر کرسکیں گے، فضائی ٹیکسی 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ چینی انجینئرز اور ماہرین نے سفری سہولت میں اسے ایک بڑی کامیابی قرار دی ہے۔ انجینئرزکا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹیکسی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے جس کا استعمال موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے کیا جاسکے گا جس طرح سڑکوں پر چلنے والی اوبر ٹیکسی کے لیے بکنگ کرتے ہیںاورمقررہ مقام اور موجودہ پتا اپیلیکیشن پر ڈالنے سے فضائی ٹیکسی ازخود مسافر کے پاس پہنچ جائے گی۔