بیجنگ۔28اکتوبر (اے پی پی):چین میں پاکستانی سفارتخانہ نے 27 اکتوبر کو یوم کشمیر کے طور پر منانے کے لیے پیر کو خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر صدرمملکت ، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جس میں 27 اکتوبر 1947 کو اس دن کے طور پر یاد کیا گیا ہے جب بھارت نے جموں و کشمیر میں اپنی افواج تعینات کر کے جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کر لیا تھا ۔
پیغامات میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی، کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے اپنے ریمارکس میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی، جس میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور کشمیری رہنماؤں کی مسلسل نظربندیاں شامل ہیں۔
انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں حالیہ نام نہاد انتخابات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات علاقے میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام رائے شماری کا متبادل نہیں ہو سکتے۔
پاکستانی سفیر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے جو کشمیری عوام کو اپنا حق خود ارادیت استعمال کرنے کی اجازت دیتی ہیں۔ تقریب میں تصویری نمائش کے ساتھ دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والےمظالم اور مصائب کو اجاگر کیا گیا۔