اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):چین میں پاکستانی سفارت خانہ میں شمالی علاقہ جات کے خوبصورت پہاڑوں اور لاہور کے تاریخی مقامات کے ماحول میں پاکستان کے مشہور کھانوں بارے دو دستاویزی فلموں کی رونمائی ہوئی ۔ چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے اس موقع پربتایا کہ پاکستان اور چین دونوں سال رواں کو سیاحت کے تبادلے کے سال کے طورپرمنارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی شاندار تاریخ، ثقافتی ورثے اور قدرتی حسن سے چینی عوام کو متعارف کرانے کے لیے سفارتخانے کی جانب سے بہت سی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں ، پاکستانی پکوانوں بارے دو دستاویزی فلموں کی رونمائی ان سرگرمیوں کا حصہ ہے جس کا مقصد فوڈ ڈپلومیسی کے ذریعے چین کے عوام تک رسائی حاصل کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ دستاویزی فلمیں چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لانچ کی جائیں گی ، اس سے چینی عوام کو پاکستانی ثقافت اور روایتی کھانوں بارے معلومات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔