بیجنگ۔1نومبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے صوبہ کے شہر لینی کا دورہ کیا اور لینی کے میئر ژانگ باؤلیانگ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں فریقین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت اور سرمایہ کاری خاص طور پر لاجسٹک نیٹ ورکس اور تربیتی اقدامات کو فروغ دینے کے سلسلے میں نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے تفصیلی بات چیت کی۔ پاکستانی سفیر نےلینی کی لاجسٹکس اور کسٹم آپریشنز کی مہارت سے استفادہ کرنے میں پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹی وی ای ٹی ) میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے اس بات پر زور دیا کہ صوبہ شان ڈونگ کے شہر لینی کے ساتھ بہتر شراکت داری چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کو مضبوط کرے گی اور باہمی فائدہ مند اقدامات کے ذریعے مشترکہ خوشحالی میں کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اپنے دورے کے ایک حصے کے طور پر لینی شہر میں کئی اہم مقامات کا دورہ کیا، جن میں لینی امپورٹ کموڈیٹی سٹی مال ،لینی انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر ،لینی ٹریڈ سٹی ہولڈنگ گروپ ،لینی پورٹ اور لینی لاجسٹکس پارک شامل ہیں۔ انہیں ہر سائٹ پر تجارتی سہولت اور لاجسٹک انفراسٹرکچر میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت بارے بریفنگ دی گئی۔
ان دوروں نے چین کے علاقائی اور عالمی تجارتی فریم ورک میں لینی کی سٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح شہر کی جدید لاجسٹک صلاحیتیں تجارتی اور اقتصادی تعاون کے ماڈل کے طور پر کام کر سکتی ہیں۔لینی شہر چین کے صوبہ شانڈونگ میں واقع ہے جو اپنے وسیع تجارتی اور لاجسٹکس نیٹ ورکس کے لیے مشہور ہے۔
چین کے سب سے بڑے لاجسٹک مراکز میں سے ایک کے طور پر لینی ملکی اور بین الاقوامی تجارت میں اہم کردار ادا کرتا ہے جو لینی پورٹ اور جامع لاجسٹکس پارکس سمیت اپنے جدید انفراسٹرکچر کے ذریعے سرحدوں کے پار سامان کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرتا ہے۔لینی شہر چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی ) کا ایک اہم مرکز ہے، جو پاکستان جیسے ممالک کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔