بیجنگ17نومبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے میری ٹائم ایکیوپمنٹ کانفرنس میں شرکت اور ذیلی سمینار سے خطاب کے لیے جنوبی چین کے صوبہ فوجیان کے دارالحکومت فوژو کا اپنا پہلا سرکاری دورہ کیا۔
"آف شور ونڈ پاور سپلائی چین کی اعلیٰ معیار کی ترقی” کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کےسفیرخلیل ہاشمی نے پاکستان کے قدرتی فوائد پر روشنی ڈالی، جس میں 1,000 کلومیٹر سے زائد طویل ساحلی پٹی شامل ہے۔
انہوں نے ملک کی قابل تجدید توانائی کے ذرائع کی طرف منتقلی کی کوششوں پر زور دیا ۔
آف شور ونڈ انڈسٹری کے شعبے میں چین کی تیز رفتار ترقی کو سراہتے ہوئےخلیل ہاشمی نے ٹیکنالوجی کے تبادلے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ریگولیٹری معاونت کو مضبوط بنا کر دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستانی آف شور ونڈ انڈسٹری میں دستیاب مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ خلیل ہاشمی نے فوژوکے کئی سینئر عہدیداروں سے بھی بات چیت کی جن میں اس کی سینئر ترین سیاسی رہنما گو ننگنگ بھی شامل ہیں۔
دونوں فریقوں نے پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات کی مضبوطی کو آگے بڑھانے اور مجموعی دوطرفہ فریم ورک کے تحت پاکستان اور فوژو کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چین میں پاکستان کے سفیر نے پاکستانی قیادت کی رہنمائی میں چین کے ساتھ بی ٹو بی روابط پر پاکستان کی نئی توجہ کو اجاگر کیا اور پاکستان اور چین کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ سفیر کو ورلڈ میری ٹائم ایکوپمنٹ کانفرنس کا دورہ کروایا گیا اور انہیں صوبے کے شہری منصوبہ بندی، جہاز سازی اور ثقافتی منظر نامے کے بارے میں الگ سے بریفنگ دی گئی۔ جنوبی چین کا صوبہ فوجیان چین کی سمندری صنعت کی ترقی، غربت کے خاتمے اور پائیدار ترقی کی کوششوں کا مرکز ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے بھی تقریباً 17 سال تک صوبے بشمول فوزو شہر میں خدمات انجام دی ہیں۔