اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین نئے قمری سال میں تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔بدھ کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سال 2019 کو سرکاری طور پر پاک چین دوستی کا سال قرار دیا گیا ہے اور اس خصوصی موقع کو منانے کی غرض سے رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مسعود خالد نے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان نئے قمری سال کے دوران مثبت پیشرفت جاری رہیگی۔انہوں نے نئے سال کے موقع پر چینی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ستر سال میں پاک چین تعلقات باہمی اعتماد اور عزت و احترام کے مضبوط بنیادوں پر استوار رہے ہیں اور دو طرفہ دوستانہ تعلقات مزید گہرے ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ون بیلٹ ون روڈ کی دوسری اہم سرگرمیوں جیسے انٹر نیشنل کوآپریشن سمٹ،ورلڈ ہارٹیکلچرل ایکسپوزیشن اور چائنا انٹر نشینل امپورٹ ایکسپو میں بھر پور شرکت کریگا۔