اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا ہے کہ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے بعد مزید چینی کمپنیاں سرمایہ کاری کے موقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان کا رخ کرینگی۔جمعرات کو بیجنگ میں مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ فریم ورک کے تحت گزشتہ چند سالوں میں پاک چین اقتصادی راہداری سب انتہائی منافع بخش اور کامیاب منصوے کے طور پر سامنے آیا ہے جبکہ اس منصوبے سے پاکستان میں 70ہزار سے زائد روزگار کے مواقع دستیاب ہوئے ہیں۔ مسعود خالد نے کہا کہ دو طرفہ اقتصادی تعاون کومزید گہرا کرنے بالخصوص مستقبل قریب میں خصوصی اقتصادی زونز کی تعمیر سے دونوں ملکوں کے مابین باہمی فائدے کیلئے تعاون کے مزید مواقع پیدا ہونگے۔پاکستانی سفیر مسعود خالد نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین دنیا کی بڑی معیشت خوشحالی اور استحکام کے راستے پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ جب سے صدر ژی جن پنگ نے ون بیلٹ ون روڈ فریم ورک کا آغاز کیا ہے ۔اس منصوبے نے تیزی سے پیشرفت کی ہے اور پائیدار نتائج حاصل کئے ہیں۔