چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد کی ”ا ے پی پی“ سے گفتگو

69

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ چین کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے ملاقات کے دوران باہمی تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے اور اس موقع پردونوں ممالک کے دوطرفہ رابطوں کے فروغ کیلئے نئی راہیں بھی تلاش کی جائیں گی۔ چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے جمعرات کو ”ا ے پی پی“ سے گفتگو کے دوران کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے سرکاری دورہ کے دوران چین کی بڑی کمپنیوں کے حکام اور معروف کاروباری افراد سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت غربت بدعنوانی کے خاتمے اور صنعتی وزرعی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ان شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کیلئے متعدد معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ مسعود خالد نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپورٹ شنگھائی کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور خطاب کریں گے۔