
اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی بہتر پالیسیوں سے پنجاب اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے‘ بجلی کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے 20ہزار سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو بیجنگ میں پاکستانی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔خادم پنجاب اجالا پروگرام‘منصوبے کے تحت سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے پاکستانی سفارتخانے میں روڈ شو کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب حکومت کے نمائندوں،غیر ملکی کنسلٹنٹ اور 154چینی کمپنیوں کے سولر انرجی کے ماہرین پر مشتمل وفد نے شرکت کی۔چین میں پاکستانی سفیر نے شرکاءکا خیر مقدم کیا اور اجالا پروگرام کے بارے میں مختصراً بریفنگ دی۔