اسلام آباد ۔ 9 جون (اے پی پی) چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد کے اعزاز میں چائنہ انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر نے الوداعی استقبالیہ دیا۔ استقبالیہ میں پاکستانی اور چینی سینٹر سول اور ملٹری حکام اور سفارتکاروں نے شرکت کی اور پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستانی سفیر مسعود خالد کے کردار کا اعتراف کیا۔اس موقع پر سفیر مسعود خالد نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات باہمی مفاد اور احترام پر مبنی ہیں اور ان کی جڑیں پاکستانی اور چینی عوام میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین میں قیام کے دوران جو بھی کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ چینی دوستوں اور ٹیم ورک کے بغیر ناممکن تھیں۔انہوں نے پاکستانی اور چینی عوام کے درمیان روابط بڑھانے کیلئے چائنہ انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر اور پاکستان چائنہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کی کوششوں کی تعریف کی۔