بیجنگ ۔23اپریل (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے چینی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کی پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ( پی بی آئی ٹی )کی کوششوں کو سراہا ہے ۔پی بی آئی ٹی کے سی ای او احمر ملک اور دیگر سینئر ممبران کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ میں سفیر نے انہیں سفارت خانہ کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ملاقات میں شنگھائی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین حیدر نے بھی شرکت کی۔
یہ بات چیت سفارتخانے کی پاکستان میں سرکاری اداروں تک باقاعدہ رسائی کا ایک حصہ تھی جو کہ جاری پاک چین تعاون کا جائزہ لینے اور مختلف شعبوں میں مزید مواقع تلاش کرنے کی کوشش تھی۔اپنے ریمارکس میں، سفیر حق نے پاکستان کے مجموعی ترقیاتی ایجنڈے میں پنجاب کی اہمیت اور پاک چین اقتصادی تعلقات میں اس کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔پی بی آئی ٹی کے سی ای او نے سفیر کو پنجاب حکومت کی پالیسیوں اور چینی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے پی بی آئی ٹی کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے پنجاب میں جاری چینی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور انفراسٹرکچر، ہائوسنگ، زراعت، ٹیکسٹائل اور سیاحت کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت دی۔احمر ملک نے یہ بھی بتایا کہ پی بی آئی ٹی میں ون ونڈو کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی چائنہ ڈیسک قائم کیا جا رہا ہے۔