چین میں پاکستان کے سفیر کی پنگ ڈنگ شن کے ڈپٹی میئر سے ملاقات،تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

87
Ambassador of Pakistan Khalil Hashmi

بیجنگ۔6فروری (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور چین کے صوبہ ہنان کے شہر پنگ ڈنگ شن کے ڈپٹی میئر ڈنگ شاوگے نے تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں صوبہ ہنان کے شہر پنگڈنگشن کے ڈپٹی میئر ڈنگ شاوگے سے مل کر خوشی ہوئی۔

پاکستان اورہنان کے درمیان کاروباری وفود کے درمیان تبادلوں کے ذریعے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ۔ڈنگ شاوگے نے پنگ ڈنگ شن اور ملتان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے بارے بات چیت کے لیے چین میں پاکستانی سفارت خانے میں ایک وفد کی قیادت کی۔ پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے دونوں شہروں کے درمیان مختلف شعبوں میں تبادلے اور تعاون کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق دوستانہ تعلقات کے قیام ٹیکسٹائل انڈسٹری اور زرعی مصنوعات کی تجارت میں عملی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ پنگ ڈنگ شن کے ڈپٹی میئرڈنگ شاوگے نے کہا کہ دونوں شہروں کے درمیان دوستانہ تعلقات کے قیام کو 2021 میں مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو)) پر دستخط کے ذریعے مستحکم کیا گیا۔

انہوں نے ایک مشترکہ شعبے کے طور پر ٹیکسٹائل کی صنعت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئےکپاس کی پیداوار پر خصوصی توجہ کے ساتھ ساتھ دونوں شہروں کے درمیان ٹیکسٹائل کی تجارت کو وسعت دینے بارے امید کا اظہار کیا۔ انہوں نے پنگ ڈنگ شن اور ملتان کے درمیان ٹیکسٹائل انڈسٹری کے تعاون کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا ۔

پنگ ڈنگ شن سٹی ایک مکمل صنعتی اور مضبوط تکنیکی صلاحیتوں کا حامل شہرہے، ملتان شہر کاٹن ٹیکسٹائل، ٹیکسٹائل پروسیسنگ اور برآمدات میں قابل قدر مہارت اور فوائد کا حامل ہے۔

ڈپٹی میئر نے دونوں شہروں کے درمیان زراعت، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور پنگ ڈنگ شن سٹی کے وافر زرعی وسائل اور اعلیٰ معیار کی زرعی ٹیکنالوجی پر زور دیتے ہوئے زرعی مصنوعات کی منڈیوں کو تلاش کر کے ان تجربات کو ملتان شہر کے ساتھ مشترکہ طور پر شیئر کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ انہوں نے پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کو مزید تبادلوں اور بات چیت کے لیے پنگ ڈنگ شن شہر کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔