اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس نہ لانے کا فیصلہ درست تھا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیزسید ذوالفقار بخاری نے کورونا وائرس سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کو آن لائن بریفنگ دی ہے۔بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کی تعریف کی ہے،وزیر اعظم کی ہدایات ہیں کہ جتنے بھی اوورسیز پاکستانی کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہورہے ہیں ان کے مسائل میں حل کروں، زلفی بخاری نے کہا کہ چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس نہ لانے کا فیصلہ درست تھا،چین میں پھنسے پاکستانیوں کی صورتحال روزانہ مانیٹر کی جاتی ہے۔زلفی بخاری نے کہا کہ جمعرات کو 6 مختلف قسم کے کھانے پینے کی اشیا چین میں پھنسے 1300 طالب علموں کو پہنچا دی جائیں گی۔زلفی بخاری نے کہا کہ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانی فکرمند نہ ہوں،اگلے تین سے پانچ دنوں میں سعودی عرب میں کمرشل فلائٹس بند ہونے کی وجہ سے جو پاکستانی واپس نہیں آ سکتے انہیں واپس لایا جائے گا،اوورسیز پاکستانی جو اٹلی، سپین، امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک میں ہیں وہ اپنے ملکوں کی ہیلتھ اتھارٹیز سے تعاون کریں۔زلفی بخاری نے کہا کہ کسی بھی مشکل کی صورت میں وزارت اوورسیز کے سوشل میڈیا یا دیئے گئے نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں۔