بیجنگ۔3ستمبر (اے پی پی):چین نے اپنا پہلا قومی سائنس پاپولرائزیشن ماہ شروع کر دیا ہے جس کے تحت پورے ملک میں 30 روزہ سائنسی سرگرمیوں کا جشن منایا جائے گا۔
شنہوا کے مطابق یہ پروگرام چائنا ایسوسی ایشن فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام منعقد ہو رہا ہے جس میں سائنسی جدت کی کامیابیاں، سائنسدانوں کی خدمات اور سائنسی جذبے کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ عام عوام تک سائنس کو زیادہ بامعنی اور قابل فہم انداز میں پہنچایا جا سکے۔
افتتاحی تقریبات بیجنگ میں نیشنل کمیونیکیشن سینٹر فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور چائنا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میوزیم میں منعقد ہوئیں۔
ستمبر بھر میں سو سے زائد نمائشیں اور سرگرمیاں ہوں گی جن میں ایک خصوصی نمائش بھی شامل ہے جو چین کے ان سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کرے گی جنہوں نے جاپانی جارحیت کے خلاف عوامی جنگ کے دوران خدمات انجام دیں۔ یہ تقریب جنگ میں فتح کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ چین کا نیا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پاپولرائزیشن قانون جو 25 دسمبر 2024 سے نافذ ہوا، ستمبر کو ہر سال قومی سائنس پاپولرائزیشن ماہ قرار دیتا ہے۔