بیجنگ۔3ستمبر (اے پی پی):چین میں 2025 میں تاریخ کاگرم ترین موسم گرما رہا ۔ اے ایف پی کے مطابق چین کے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ملک نے رواں سال اپنی تاریخ کے سب سے گرم موسم گرما کا سامنا کیا ہے جبکہ جنوبی خطے بدستور شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جون سے اگست تک قومی اوسط درجہ حرارت 22.31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو چین کی تاریخ کا سب سے زیادہ ہے۔
بیجنگ میں جون کے دوران درجہ حرارت تقریباً 40 ڈگری تک پہنچ گیا جس پر حکام نے ہیٹ ویو سے جڑے صحت کے خطرات کی وارننگ بھی جاری کی۔گزشتہ ہفتے جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ نے بھی اپنی تاریخ کی سب سے زیادہ گرمیاں ریکارڈ ہونے کا اعلان کیا تھا۔
چین کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگرچہ اس ہفتے کے وسط میں درجہ حرارت میں وقتی کمی متوقع ہے لیکن شنگھائی سمیت کئی شہروں میں ہفتے کے اختتام تک دوبارہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کے باعث موسمیاتی تبدیلیاں تیز تر ہو رہی ہیں، جو لمبی، زیادہ شدید اور بار بار آنے والی گرمی کی لہروں کا باعث بن رہی ہیں۔چین دنیا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا سب سے بڑا اخراج کرنے والا ملک ہے تاہم اس نے 2060 تک نیٹ زیرو ہدف حاصل کرنے کا عہد کر رکھا ہے۔