بیجنگ ۔26اگست (اے پی پی):چین نے صوبہ ہائنان کے کمرشل لانچ سائٹ سے زمین کے نچلے مدار (لو ارتھ اربٹ) میں سیٹلائٹس کے ایک اور گروپ کو کامیابی کے ساتھ لانچ کر دیا۔چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک( سی جی ٹی این) کے مطابق چینی خلائی ادارے نےبتایا کہ لانگ مارچ-8A راکٹ نے منگل کی صبح 3 بجکر 8 منٹ پر دسواں گروپ روانہ کیا جو عالمی انٹرنیٹ کانسٹیلیشن کی تشکیل کے لیے مخصوص ہے۔
یہ سیٹلائٹس مقررہ مدار داخل ہو گئے ہیں۔چائنا اکیڈمی آف لانچ وہیکل ٹیکنالوجی کی تیار کردہ یہ جدید راکٹ ٹیکنالوجی بیک وقت بڑے پیمانے پر سیٹلائٹ کانسٹیلیشن کی تنصیب کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔ 50.5 میٹر اونچے اور 371 ٹن وزنی راکٹ 700 کلومیٹر کی بلندی پر سورج کے ہم آہنگ مدار میں 7 ٹن تک کا وزن لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
یہ رواں سال لانگ مارچ-8A راکٹ کا تیسرا کامیاب مشن ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ چین نے اب ہائی ڈینسٹی لانچنگ کی صلاحیت حاصل کر لی ہے اور بیک وقت متعدد مشنز سرانجام دینے کے قابل ہے۔