چین نے شمالی بحر الکاہل میں واقع ملک نائورو میں سفارتخانہ دوبارہ کھول لیا

97
China
China

یرین۔30جنوری (اے پی پی):چین نے شمالی بحر الکاہل میں واقع ملک نائورو میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول لیا ہے۔ چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے مطابق ناورو کی حکومت نے 15 جنوری کو اعلان کیا تھا کہ وہ تائیوان کے حکام کے ساتھ ’’سفارتی تعلقات‘‘ منقطع کر رہی ہے ۔ 24 جنوری کو چین اور نائورو نے بیجنگ میں سفارتی سطح پر تعلقات کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے تھے جس کے بعد چین نے گزشتہ روز نائورو میں دوبارہ اپنا سفارت خانہ کھول دیا۔

نائورو میں چینی سفارت خانے کودوبارہ کھولنے کی ذمہ داری سونپی گئی چینی ٹیم کے سربراہ قونصلر وانگ ژوگوانگ نے کہا کہ مشترکہ اعلامیہ کو نافذ کرنے کے لئے نائورو میں چینی سفارت خانے کو دوبارہ کھولنا ایک ٹھوس اقدام ہے۔ انہوں نے نائورو میں چینی سفارت خانہ کھولنے کے لئے منعقدہ تقریب کے دوران کہا کہ یہ دو طرفہ تعلقات کے لئے ایک بڑا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور نائورو کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی دونوں ممالک کے خلوص اور کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

وانگ ژوگوانگ نے کہا کہ چین دوطرفہ تعلقات کا ایک نیا باب کھولنے کے لیے نائورو کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے، انہوں نے مزید کہا کہ "اس نئے نقطہ آغاز سے، دونوں ممالک سیاسی باہمی اعتماد کو بڑھانا جاری رکھیں گے، آزادانہ طور پر ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کے لیے ایک دوسرے کی حمایت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کے نئے سفر کے آغاز کے لیے ناورو کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا مشترکہ کام قومی احیا حاصل کرنا اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے حالانکہ وہ ترقی کے مختلف مراحل میں ہیں۔چینی قونصلر نے کہا کہ چین اور نائورو تعاون کے فطری شراکت دار ہیں،

انہوں نے مزید کہا کہ چین اور نائرو کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی نے ہر لحاظ سے دوطرفہ عملی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے راستے کھول دیئے ہیں۔انہوں نے کہا دونوں ممالک جلد سفیروں کا تبادلہ بھی کریں گے اور ایک دوسرے کے ممالک میں سفارت خانوں کے قیام کے لیے تمام ضروری مدد فراہم کریں گے۔