26.6 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںچین نے قازقستان کی معیشت میں 27 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری...

چین نے قازقستان کی معیشت میں 27 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے ، صدر قاسم جومارت توقایف

- Advertisement -

آستانہ۔2ستمبر (اے پی پی):قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف نے کہا ہے کہ چین نے اب تک قازقستان کی معیشت میں 27 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ وہ بیجنگ میں منعقدہ قازقستان چین بزنس کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ کازاانفارم نیوز ایجنسی نے ایوان صدر کے حوالے سے بتایا کہ قاسم جومارت توقایف نے اپنے خطاب میں کہا کہ قازقستان میں چین کے تعاون سے 6 ہزار سے زائد ادارے سرگرم ہیں جن میں بڑے کارپوریشنز جیسے ہواوے، سائنوپیک، سی آئی ٹی آئی سی اور سی این پی سی کے ساتھ ساتھ درمیانے درجے کے کاروبار بھی شامل ہیں۔

صدر توقایف نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ مذاکرات کو نہایت نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ثمرات اعلیٰ ترین سطح کی تعریف کے قابل ہیں۔ انہوں نے شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے قازق چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کے مزید فروغ کا باعث بنے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ قازقستان کی معیشت وسطی ایشیا میں سب سے بڑی ہے اور رواں سال کے آخر تک ملک کی جی ڈی پی 300 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔

- Advertisement -

یہ پیش رفت اقتصادی تنوع، سرمایہ کاری کے ماحول کی بہتری اور چین کے ساتھ کامیاب تعاون کے باعث ممکن ہوئی ہے۔صدر نے بتایا کہ قازقستان نے قومی ڈیجیٹل انویسٹمنٹ پلیٹ فارم شروع کیا ہے اور سرمایہ کاروں کی معاونت اور مسائل کے حل کے لیے انویسٹمنٹس ہیڈکوارٹر قائم کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال جون میں چین کے صدر کے قازقستان کے دورے کے دوران سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی تحفظ سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان ویزہ فری نظام نے بھی کاروباری تعلقات کو وسعت دینے میں مدد دی ہے۔ واضح رہے کہ بیجنگ میں قازقستان-چین بزنس کونسل کا آٹھواں اجلاس منگل کو منعقد ہوا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں