چین نے پاکستانی چیری برآمد کرنے کی منظوری دے دی

151
چین نے پاکستانی چیری برآمد کرنے کی منظوری دے دی
چین نے پاکستانی چیری برآمد کرنے کی منظوری دے دی

بیجنگ۔28جولائی (اے پی پی):چین کے کسٹمز کی جنرل ایڈمنسٹریشن (جی اے سی سی) نے چین کو چیری برآمد کرنے کے لیے گلگت بلتستان سے مزید ساٹھ باغات کی منظوری دے دی ہے۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے کمرشل قونصلر غلام قادر نے کہا کہ چینی کسٹمز کے ذریعے پاکستانی چیری کے باغات کی منظوری گلگت بلتستان کے زرعی شعبے کے لیے نمایاں صلاحیت رکھتی ہے جہاں چیری کی کاشت ایک نمایاں صنعت ہے،چینی کسٹمز کی طرف سے توثیق اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان سے چیری چین کو برآمد کرنے کے لیے مطلوبہ معیارات اور ضوابط پر پورا اترتی ہے، اس سے نہ صرف تجارت کی نئی راہیں کھلتی ہیں بلکہ ایک وسیع بین الاقوامی منڈی میں پاکستانی چیری کے معیار اور ذائقے کی بھی نمائش ہوتی ہے۔

ہاشوان گروپ کے سی ای او ارمان شاہ اور ارمان شاہ فارم جو چینی کسٹمز کی طرف سے منظور شدہ سب سے بڑا فارم ہے ،نے چائنہ اکنامک نیٹ (سی ای این) کو بتایا کہ چین اور پاکستان کے درمیان زرعی برآمدات بالخصوص گلگت بلتستان سے چیری کی برآمدات کو فروغ دینے میں تعاون باہمی فوائد کو اجاگر کرتا ہے، اس سے نہ صرف اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گابلکہ دو طرفہ تعلقات بھی مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جی بی چیری پہلے ہی دوسرے ممالک کو ایکسپورٹ کی جا چکی ہے جس کی بڑی مارکیٹ مشرق وسطیٰ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان ہر موسم میں 4,000 ٹن سے زیادہ معیاری چیری پیدا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی کسٹمز کے ذریعے پاکستانی چیری کے باغات کی منظوری تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی طرف ایک قدم ہے اور یہ گلگت بلتستان سے پیدا ہونے والی پیداوار کے معیار کا ثبوت ہے۔واضح رہے کہ 15 کولڈ سٹوریج اور پیکنگ کی سہولیات بھی چینی کسٹم سے منظور شدہ ہیں ،جو چین کو چیری برآمد کر سکتی ہیں۔