چین پاکستان اقتصادی راہداری فریم ورک کے تحت خیبرپختونخوا کے علاقہ رشکئی میں خصوصی اقتصادی زون کا رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں کمرشل بنیادوں پر افتتاح ہو گا

88

بیجنگ۔ 13 جنوری(اے پی پی)چین پاکستان اقتصادی راہداری فریم ورک کے تحت خیبرپختونخوا کے علاقہ رشکئی میں خصوصی اقتصادی زون کا رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں کمرشل بنیادوں پر افتتاح ہو گا۔ بیجنگ میں سرکاری ذرائع نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ حکام رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے افتتاح کو حتمی شکل دینے کے لئے مذاکرات کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ گزشتہ ماہ بیجنگ میں مشترکہ رابطہ کمیٹی کے آٹھویں اجلاس میں چین کے قومی ترقی و اصلاحات کمیشن اور پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ کے درمیان صنعتی تعاون کے ضمن میں مفاہمت کی ایک دستاویز پر دستخط ہو گئے تھے۔ نومبر 2015ءمیں پاکستان نے مشترکہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں صنعتی تعاون کو فروغ دینے کےلئے ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز دی تھی۔ چین نے سٹیل، سیمنٹ، آٹو موبائل، تعمیراتی سامان، گھروں میں استعمال ہونے والے آلات، ٹیکسٹائل، لائٹ انڈسٹری اور ایپرل وغیرہ میں پاکستان کے ساتھ صنعتی تعاون کو فروغ دینے سے اتفاق ظاہر کیا ہے۔ رشکئی خصوصی اقتصادی زون پاکستان چین اقتصادی راہداری کے خصوصی ترجیحی زون میں شامل ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، سندھ میں دو جبکہ سابقہ فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایک ایک خصوصی اقتصادی زون کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔