چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو ترقی کے عروج پر لے جائے گا،چینی اخبار کی رپورٹ

118
سی پیک

بیجنگ ۔ 4 مئی (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان میں نہ صرف اقتصادی ترقی کا باعث بنے گا بلکہ ملک کو ترقی کے عروج پر لے جائے گا۔ چین کے معروف اخبار گلوبل ٹائمز نے یونیورسٹی آف چائنا کے پروفیسر وانگ ہائی وائی کے حوالے سے اپنی خصوصی رپورٹ میں کہا ہے کہ چین کے لئے اس منصوبہ کی افادیت یہ ہے کہ یہ چین کو خطہ بھر سے ملائے گا اور تمام ممالک میں عمومی ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے تمام ممالک کے لئے اچھی مثال قائم ہو گی اور سب سے اچھا اثر یہ ہو گا کہ اس منصوبہ سے جنوبی ایشیائی خطہ میں 3شعبوں یعنی ترقی، سکیورٹی اور گورننس میں تعاون مضبوط ہو گا۔ چین اور پاکستان کے مابین تعاون سے پاکستان کو غربت کے طویل چکر، تشدد اور دہشت گردی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔رنمیب یونیورسٹی کے چونگ یانگ انسٹی ٹیوٹ فار فنانشل سٹڈیز کے ریسرچ فیلو لیویائی اینگ کی رائے میں اقتصادی راہداری کے انفراسٹرکچر کی تعمیر سے پاکستان کی معیشت ترقی کرے گی اور نہ صرف چین اور پاکستان بلکہ خطہ کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ پہنچے گا۔