چین پاکستان اقتصادی راہداری کی مشترکہ رابطہ کمیٹی کا 12 واں یادگاری اجلاس منگل کو بیجنگ میں منعقد ہوگا

137
چین پاکستان اقتصادی راہداری کی مشترکہ رابطہ کمیٹی کا 12 واں یادگاری اجلاس منگل کو بیجنگ میں منعقد ہوگا

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):چین پاکستان اقتصادی راہداری کی مشترکہ رابطہ کمیٹی (جے سی سی ) کا   12 واں یادگاری اجلاس منگل کو بیجنگ میں منعقد ہوگا ۔

چینی روزنامہ گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اجلاس میں پاکستانی وفدکی قیادت کریں گے ۔ چین روانگی سے قبل اپنے ایک انٹرویومیں وفاقی وزیرنے کہاہے کہ اجلاس میں دونوں ممالک تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں گے اور سی پیک کے تحت ابھرتے ہوئے شعبوں میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ اس تاریخی منصوبے کو 5 جولائی 2013 کو اس وقت رسمی شکل دی گئی جب پاکستان کے اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کرنے کے لیے چین کا دورہ کیا جس سے اس منصوبے کاباضابطہ آغاز ہوا ۔

سی پیک ایک ایسی راہداری ہے جو جنوب مغربی پاکستان میں گوادر کی بندرگاہ کو شمال مغربی چین کے صوبہ سنکیانگ کے شہرکاشغر سے جوڑتی ہے،اس راہداری منصوبہ میں توانائی، ٹرانسپورٹ اور صنعتی تعاون شامل ہے۔ مشترکہ رابطہ کمیٹی (جے سی سی ) کااجلاس بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ نہ صرف ایک دہائی کے نتیجہ خیز تعاون کی عکاسی بلکہ اس منصوبے کے اگلے مراحل کااحاطہ بھی کررہاہے ۔اجلاس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنا اورتعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔