اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے چینی صدر شی جن پنگ کے عالمی تہذیبی اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ ثقافتی روابط مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ پیر کے روز چائنا کلچرل سینٹر ، سی جی ٹی این اردو اور سلک روڈ کلچر سینٹر کے زیر اہتمام سیچوان آرٹ اکیڈمی کے اساتذہ اور طلبہ کی مصوری کے شاہکار نمائش میں پیش کیے گئے، جہاں چینی فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں اور فنون لطیفہ کی قدیم و جدید روایات کی بھرپور عکاسی کی گئی۔اس موقع پر نمائش کے مہمان خصوصی جیا نگ زائی ڈونگ نے کہا کہ 2015 ء میں صدر شی جن پنگ کے پاکستان کے تاریخی دورے کے بعد دونوں ممالک کی شراکت داری مزید مستحکم ہوئی ہے اور سی پیک اب ایک نیا مرحلہ طے کر چکا ہے۔
چینی سفیر نے یوم پاکستان کی مناسبت سے پاکستانی بہن بھائیوں کو دلی مبارکباد بھی پیش کی اور گزشتہ سال یوم پاکستان کے موقع پر چینی فوجی دستوں کی پریڈ کے دوران پاکستانی عوام کے بھرپور استقبال کا ذکر بھی کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سردار سیدال خان ناصر نے کہا کہ چین پاکستان شراکت داری ہر شعبے میں بے مثال ہے جبکہ دونوں ممالک قدیم ثقافتوں کے امین ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آرٹ اظہار کا موثر ذریعہ ہے اور چین اس ضمن میں گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے ۔
سلک روڈ کلچر سینٹر کے چیئرمین سید جمال شاہ نے چینی اور پاکستانی فنون لطیفہ میں مماثلت اور چین کے فن مصوری کی منفرد خصوصیات کو بخوبی اجاگر کیا ۔نمائش میں سیچوان آرٹ اکیڈمی کے فنکاروں نے اپنی تخلیقی مہارت اور سوچ کو فن پاروں میں عمدگی سے سمویا جو دیکھنے والوں کے لیے ایک دلکش بصری تجربہ رہا۔تقریب کے اختتام پر یوم پاکستان کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ کی موجودگی یقیناً دونوں ممالک کی گہری دوستی کی عکاس ہے۔