اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا دیرینہ اور بااعتماد دوست ہے، چینی کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین اشتراک عمل آگے بڑھ رہا ہے، چینی کمیونسٹ پارٹی جدید جمہوری جماعت کی عمدہ مثال ہے، تحریک انصاف کا وفد چین میں قیام دوران کمیونسٹ پارٹی کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرے۔ منگل کو پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپیارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق چینی کمیونسٹ پارٹی کی دعوت پر تحریک انصاف کا قاضی احمد اکبر کی قیادت میں 24 رکنی وفد منگل کو چین روانہ ہو گیا ہے۔ روانگی سے قبل وفد نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی سے ملاقات۔ ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر زاہد حسین کاظمی بھی موجود تھے، وفد نے چین میں قیام کے حوالے سے سیکرٹری جنرل سے مفصل ہدایات لیں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ اور بااعتماد دوست ہے۔ چینی کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین اشتراک عمل آگے بڑھ رہا ہے۔ چینی کمیونسٹ پارٹی جدید جمہوری جماعت کی عمدہ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا وفد چین میں قیام دوران کمیونسٹ پارٹی کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرے۔ تحریک انصاف کے کارکنان کے لئے خصوصی پروگرام تشکیل دینے پر چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت خصوصاً پاکستان میں چینی سفیر کے شکر گزار ہیں۔