اقوام متحدہ ۔27اگست (اے پی پی):چین نے اقوام متحدہ میں نور ڈسٹریم گیس پائپ لائن دھماکوں کی تحقیقات میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری کو اس سنگین تخریب کاری پر واضح اور سچائی پر مبنی جواب دیا جائے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھماکے نہ صرف عالمی توانائی تحفظ بلکہ سمندری ماحول اور بحری جہازرانی کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سچ کو چھپایا نہیں جانا چاہیے، تحقیقات کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، اور مجرموں کو سزا دی جائے۔چینی مندوب نے سویڈن اور ڈنمارک کی جانب سے اپنی تحقیقات ختم کرنے اور جرمنی کی جاری تحقیقات پر بھی سوال اٹھائے، اور زور دیا کہ جرمنی جلد از جلد شفاف طریقے سے تحقیقات کے نتائج شائع کرے۔
چین نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اس معاملے پر نظر رکھے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ مستقبل میں ایسی تخریب کاری دوبارہ نہ ہو۔واضح رہے نورڈ اسٹریم 1 اور 2 گیس پائپ لائنیں روس سے جرمنی تک زیرِ سمندر توانائی کی ترسیل کا ذریعہ تھیں، جنہیں 2022 میں دھماکوں کے ذریعے نقصان پہنچایا گیا۔ اب تک ان دھماکوں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی، اور تحقیقات ابہام کا شکار ہیں۔