بیجنگ۔30دسمبر (اے پی پی):چین نے سابق امریکی صدر جمی کارٹر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جمی کارٹر 100 سال کی عمر میں اتوار (29 دسمبر )کو انتقال کر گئے تھے ۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے پیر کو ہونے والی باقاعدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر جمی کارٹر چین اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو فروغ دینے والےاور اس حوالے سے فیصلے کرنے والے تھے۔
انہوں نےکہا کہ جمی کارٹر نے طویل عرصے سے چین۔ امریکا تعلقات کی ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ جمی کارٹر نے 1977 سے 1981 تک امریکا کے 39 ویں صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ جمی کارٹر کے کارٹر کے عہد صدارت کے وسط میں امریکا نے جنوری 1979 میں چین کے ساتھ سفارتی روابط استوار کئے اور اس طرح چین کے ساتھ امریکی تعلقات کو معمول پر لائے ۔