بیجنگ۔16جنوری (اے پی پی):چین نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئےمشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے جمعرات کو معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ متعلقہ فریق غزہ میں جنگ بندی کو علاقائی کشیدگی میں کمی کو فروغ دینے کے ایک موقع کے طور پر لیں گے۔
چین نے کہا کہ اسے امید ہے کہ غزہ میں ایک جامع اور مستقل جنگ بندی کے حصول کے لیے معاہدے کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جا سکتا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین غزہ کو انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد فراہم کرتا رہے گا اور جنگ کے بعد دوبارہ تعمیر نو کے لیے مثبت کوششیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کوششیں کرے گا۔ غزہ کی وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے دوران 46 ہزار 707 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے جبکہ غزہ کا زیادہ تر حصہ تباہ ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ بدھ کو قطر اور امریکا نے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کا اعلان کیا۔ یہ جنگ بندی اتوار سے نافذ العمل ہوگی۔