بیجنگ ۔ 6 اگست (اے پی پی) چین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی حالیہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکطرفہ بنیادوں پر مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے سے سٹیٹس کو کی تبدیلی اور کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہ بات چینی دفتر خارجہ کی ترجمان ہوا چن یانگ نے منگل کو بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کے فریقین کو ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنا چاہئے جس کے نتیجہ میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل ہو کیونکہ اس سے سٹیٹس کو میں تبدیلی آئے گے جبکہ کشیدگی میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چین کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر پر چین کا مو¿قف واضح اور دیرینہ ہے، بین الاقوامی طور پر اس بات پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان تصفیہ طلب مسئلہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں تازہ دم فوجی اور نیم فوجی دستوں کی تعیناتی اور کنٹرول لائن پر شیلنگ کا حوالہ دیتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ تمام فریقوں کو ضبط و تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہئے، بالخصوص فریقین کو ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنے کی ضرورت ہے جسے یکطرفہ بنیادوں پر سٹیٹس کو میں تبدیلی آئے اور کشیدگی میں اضافہ ہو۔