ماسکو۔18اکتوبر (اے پی پی): روسی کمپنی گیز پروم کے مطابق ان کے ملک کی طرف سے چین کو گیس کی فراہمی جلد اس حجم تک پہنچ جائے گی جو قبل ازیں روس کی طرف سے مغربی یورپ کو برآمد کی جارہی تھی۔ روسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رواں سال پاور آف سائبیریا پائپ لائن کے ذریعے چین کو روسی گیس کی سپلائی کا حجم 22 بلین کیوبک میٹر تک پہنچ جانے کی توقع ہے۔
گیز پروم کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئر مین الیکسی ملر نے روسیا ۔ ون نامی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں کہا کہ روس نے 2022 میں پاور آف سائبیریا گیس پائپ لائن کے ذریعے چین کو 15.5 بلین کیوبک میٹر گیس برآمد کی ہے۔ اس سال اس پائپ لائن کے ذریعے چین کو روسی گیس کی سپلائی 22 بلین کیوبک میٹر تک پہنچ جانے کی توقع ہے اور ایک اندازے کے مطابق 2025 میں اس گیس پائپ لائن سے چین کو روسی گیس کی فراہمی اپنے ڈیزائن کی گنجائش 38 یعنی بلین کیوبک میٹر تک پہنچ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے سالوں چین کو گیزپروم کی برآمدات کا مجموعی حجم48 بلین کیوبک میٹر سالانہ تک پہنچ جائے گا۔الیکسی ملر کے مطابق اس وقت زیر غور منگولیا کے ذریعے ٹرانزٹ گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد کی صورت میں گیز پروم کی چین کو برآمدات تقریباً 100 بلین کیوبک میٹر سالانہ تک پہنچ سکتی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=402501