بیجنگ۔18دسمبر (اے پی پی):چین کی دعوت پہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کی تیاری کے لئے پاکستان سے 30 ماہرین کا وفد بدھ کوچین پہنچ گیا جو 14 روزہ ورکشاپ میں شرکت کرے گا۔ اس ورکشاپ میں پاکستانی ماہرین سے چین کے ماہرین چین کی ترقی کے تجربات کا تبادلہ کریں گے اور پاکستان کی ضروریات کے پیش نظر سی پیک کے دوسرے مرحلے کی ترجیحات کا تعین کریں گے۔
ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے لئے نادر موقع ہے کہ وہ چین کی پیشکش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زراعت، صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنی صلاحیت کو ترقی دے کر جدید معیشت میں ڈھل سکے، حکومت کا 5 ایز کا منصوبہ پاکستان کو برآمداتی ترقی کے راستے پر ڈالنے کے ساتھ ساتھ ملک کو جدید ٹیکنالوجی کی بنیادیں فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی کا راز سیاسی استحکام، پالیسیوں کے تسلسل اور مسلسل اصلاحات پہ عمل کرنے پر ہے۔ اس سے پہلے وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاور چائنہ کے ہیڈ کوارٹر جا کر کراچی میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے دو چینی کارکنوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے چینی کارکن پاکستان کے محسن ہیں، پوری پاکستانی قوم ان کے غم میں شریک ہے۔ پاکستان اور چین کے تعلقات میں ایسی بزدلانہ اور وحشیانہ کارروائیوں سے کوئی آنچ نہیں آ سکتی، پاکستان کے عوام دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لئے مکمل پر عزم ہیں۔