بیجنگ ۔ 7 اگست (اے پی پی) چین کی وزارت خارجہ کی تحقیقاتی ٹیم نے رواں سال کی پہلی ششماہی کی مالیاتی پالیسی پر عمل درآمد کی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی۔ چینی ریڈیو کے مطابق رواں سال چین کی مالیاتی شرح خسارہ کو2.8 سے 3.6 فیصد تک بڑھایا گیا ہے۔ منڈی کے اعتماد کو مستحکم اور بڑھانے کے لیے 2019 کے مقابلے میں خسارے کی کل مالیت ایک ٹریلین یوان کے اضافے کے ساتھ3.76 ٹریلین یوان تک پہنچ جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری بانڈ کے اجرا میں مناسب اضافہ ہوگا، حکومتی سرمایے کو بڑھایا جائے گا، ٹیکس کٹوتی اور فیس کی کمی اور رعایات کو وسیع کیا جائے گا تاکہ صنعتی و کاروباری اداروں کی مشکلات سے نمٹا جا سکے۔ بجٹ میں توازن کو مضبوط کیا جائے گا تاکہ وبا کے منفی اثرات کو کم بنایا جائے گا۔ پہلی ششماہی میں چینی معیشت مستحکم طور پر بحال ہوئی ہے جس میں مالیاتی پالیسی کا اہم کردار ہے۔ رپورٹ کے مطابق پہلی ششماہی میں چین میں ٹیکس کٹوتی اور فیس کی کمی کی کل مالیت ڈیڑھ ٹریلین یوان سے تجاوز کر گئی جس کے تحت انسداد وبا کے سازو سامان کے پیداوری صنعتی اداروں ، چھوٹے اور نجی کاروباری اداروں کو مدد ملی ہے۔