بیجنگ۔4ستمبر (اے پی پی):پاکستان چین بزنس فورم (پی سی بی ایف) کے چیف پیٹرن سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ عوامی جمہوریہ چین کی شاندار معاشی ترقی بلا شبہ پوری دنیا کے لیے ایک رول ماڈل ہے۔ وہ بیجنگ میں ایک بزنس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے آج بیجنگ میں چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ سیکڑوں مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) اور متعدد معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان چین بزنس فورم نے نجی شعبے میں دو طرفہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے چین کے مختلف صنعتی شہروں میں اپنے آٹھ دفاتر بھی قائم کیے ہیں۔
سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ یہ اقدامات پاک چین معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔تقریب میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے بھی خطاب کیا، جسے شرکا نے نہایت متاثر کن اور دل کو چھو لینے والا قرار دیا۔