چین کی معیشت علاقائی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھائے گی، اقوام متحدہ

159
اقوام متحدہ

بیجنگ۔27جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ نے 2023 میں عالمی اقتصادی صورتحال اور امکانات کے عنوان سے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں پیشنگوئی کی گئی ہے کہ 2023 میں عالمی اقتصادی ترقی 2022 کے مقابلے میں تقریباً 3 فیصد سے کم ہو کر 1.9 فیصد رہ جائے گی۔

جمعہ کو چینی میڈ یا کے مطا بق رپورٹ میں بتایا گیا کہ چینی معیشت علاقائی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھائے گی۔رپورٹ کے مطابق 2023 میں چین کی اقتصادی ترقی میں تیزی آئے گی چونکہ چینی حکومت وبائی امراض سے بچاؤ کی پالیسیوں کو بہتر بنارہی ہے اور سازگار اقتصادی اقدامات کر رہی ہے، چین کی اندرونی کھپت کی طلب بھی مستقبل میں بڑھے گی اور رواں سال چین کی اقتصادی ترقی 4.8 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

اقوام متحدہ کے گلوبل اکنامک مانیٹرنگ سینٹر کے ڈائریکٹر حامد رشید نے کہا کہ دیگر ترقی پذیر ممالک کے برعکس چین نے ایک مضبوط مالیاتی اور مانیٹری پالیسی برقرار رکھی ہے اس لیے مالیات اور کرنسی کے نقطہ نظر سےچین کی پوزیشن مضبوط ہے۔رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ چین کی اقتصادی ترقی کا مشرقی ایشیا کے بہت سے ممالک پر اہم اثر ہے اور امید ظاہر کی گئی کہ چین کی اقتصادی بحالی پورے خطے کی ترقی کو سہارا دے گی۔