چین کی ملٹی نیشنل کمپنی ٹینسنٹ کا پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی میں تعاون کی خواہش کا اظہار

136

بیجنگ۔28مارچ (اے پی پی):چین کی انٹرنیٹ سے متعلق متعدد خدمات اور مصنوعات میں خصوصیات کی حامل ملٹی نیشنل کمپنی ٹینسنٹ (Tencent)نے پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

کمپنی نے یہ بات چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق کی جانب سے ٹینسنٹ کے پبلک افیئرز اینڈ گلوبل پالیسی کے سربراہ ڈینی مارٹی کے ساتھ ورچوئل ملاقات کے دوران کہی،جس میں چینی شہر گوانگ ژو میں پاکستانی قونصل جنرل نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر معین الحق نےٹینسنٹ کے پاکستان کے ساتھ بڑھتے ہوئے رابطے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے آئی ٹی کے شعبے کے فروغ اور اس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پاکستان کے حالیہ اقدامات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے ٹینسنٹ کے پاکستان کے ساتھ تعاون کے فروغ کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے اس کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان کے انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کے شعبے میں اپنے قدم جمانے کے لیے پاکستان کے قابل افرادی وسائل اور دوستانہ سرمایہ کاری کے ماحول سے فائدہ اٹھائے ۔

اس موقع پر ٹینسنٹ کے ڈینی مارٹی نے پاکستانی سفیر کے ریمارکس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں کمپنی کے متنوع کاروباری آپریشنز اور پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کی خواہش کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ ٹینسنٹ سفارتخانے کے ساتھ اور پاکستان میں متعلقہ محکموں کے ساتھ اپنی ہم آہنگی برقرار رکھے گا تاکہ باہمی مفاد پر مبنی مستقبل کے امکانات کو تلاش کیا جا سکے۔