شنگھائی ۔10نومبر (اے پی پی):چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بِن نے چوتھے سالانہ چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (CIIE) میں پاکستان کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا اور وسعت دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
وانگ وین بِن نے اپنی باقاعدہ بریفنگ کے دوران ’’اے پی پی ‘‘کی جانب سے اٹھائے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم ایکسپو میں چین پاکستان اقتصادی اور تجارتی تعاون کی کامیابیوں سے خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تجارت سمیت ہمہ جہتی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور وسعت دینے، چین پاکستان آل سیزن سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے مفہوم کو مستحکم کرنے اور چین پاکستان کے درمیان قربت کے نئے دور کی تعمیر کے لیے تیار ہے۔جس سے دونوں ممالک اور ان کے عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ فلاح و بہبود کے مواقع موجود ہیں ۔
ترجمان نے کہا کہ ایکسپو سے حاصل ہونے والے ثمر آور نتائج چین کے بیرونی دنیا کے لیے کھلا ہونے کا ایک مضبوط ثبوت ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سی آئی آئی ای کے آغاز کے بعد سے، یہ عالمی اداروں کے لیے چین کی مارکیٹ کے وسیع مواقع کا اشتراک کرنے کے لیے ایک اہم ذریعہ بن گیا ہے۔چوتھی چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای )، دنیا کا سب سے بڑا درآمدی تھیم پر مبنی ایکسپو 5 سے 10 نومبر تک چین کے شہر شنگھائی میں منعقد ہورہا ہے۔
چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے ایکسپو کے افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے قائم کیے گئے پاکستان کے پویلین کا دورہ بھی کیا۔انہوں نے پاکستانی تاجروں اور تاجروں کی جانب سے اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے لگائے گئے مختلف سٹالز کا بھی معائنہ کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نے کہا کہ سفیر معین الحق نے کہا کہ پاکستان شروع سے ہی اس ایونٹ میں شرکت کر رہا ہے، وزیراعظم عمران خان نے 2018 میں پہلی سی آئی آئی ای میں شرکت کی۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ ایکسپو پاکستان کے لیے اپنی برآمدات کو بڑھانے کے لیے ایک بہترین موقع کے طور پر کام کرے گی۔اس سلسلے کی دو نمائشیں وبائی دور کے دوران منعقد ہوئیں جس کی وجہ سے بہت سے پاکستانی تاجر اور کمپنیاں فزیکلی اس میں شرکت کرنے سے قاصر رہیں تاہم، پاکستانی تاجروں کو اب بھی آن لائن پویلینز کے ذریعے اس ایکسپو تک رسائی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین میں بڑی تعداد میں اپنی مصنوعات برآمد کر رہا ہے۔ چاول، آم اور سبزیوں سمیت ٹیکسٹائل، چمڑے، آئی ٹی اور کھانے کی مصنوعات چین کو فروخت ہونے والی بڑی مصنوعات میں شامل تھیں۔دنیا بھر کے 127 ممالک اور خطوں کے 3,000 سے زیادہ کاروباری ادارے اور کارپوریٹ کمپنیاں اس سال کے سی آئی آئی ای میں اپنی مسابقتی مصنوعات اور جدید ترین ٹیکنالوجیز لے کر آئیں ہیں۔