ریاض۔10اپریل (اے پی پی):چین کی انڈر 17 فٹ بال ٹیم نے اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ 2025 کے اپنے آخری گروپ اے کے میچ میں تھائی لینڈ کی ٹیم کو 0-2 گول سے ہرا دیا۔ چین کی فٹ بال ٹیم نے سعودی عرب کے شہر طائف میں کھیلے گئے اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کے اپنے آخری گروپ اے میچ میں فتح کے ساتھ اپنی مہم کا اختتام کیا ۔
چین اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں اپنے گزشتہ دو گروپ میچ ہارنے کے بعد پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔چین کے بنیامین اور جیانگ زیکین نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔میچ میں تھائی لینڈ کی ٹیم کوئی گول سکور نہ کرسکی۔کنگ فاحد سٹیڈیم طائف میں ہی اسی گروپ کے ایک اور میچ میں ازبکستان نے میزبان سعودی عرب کو باآسانی 0-3 گول سے شکست دے کر مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی۔
ازبکستان کی جانب سے رستموف نے دو جبکہ آلیو نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ازبکستان اور میزبان سعودی عرب کی ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580094