چین کی کراچی میں اپنے سفارتی مشن پر دہشت گرد حملے کی مذمت ،ترجمان چینی وزارت خارجہ

73

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) چین نے کراچی میں اپنے سفارتی مشن پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے چینی قونصل جنرل کے عملے اور عمارت کو تحفظ دینے کے حوالے سے پاکستانی سیکورٹی فورسز کی موثر جوابی کارروائی کو سراہا ہے۔جمعہ کو بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم کراچی میں چینی قونصل جنرل کے عملے اور عمارت کی حفاظت کیلئے پاکستانی سیکورٹی فورسز کے موثر جوابی اقدامات کو سراہتے ہیں۔ترجمان نے دہشت گرد حملے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ترجمان نے آغاز کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملے کے فوری بعد وزیر اعظم عمران خان نے چینی قونصل جنرل سے رابطہ کیا اور تعزیت کا اظہار کیا۔پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بالخصوص سی پیک کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں پر اثرات سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان دونوں سدا بہار سٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ہمارے تعاون سے دونوں ملکوں اور عوام کو فائدہ ہوگا اور سی پیک میں پیشرفت پر دونوں ملکوں کی قیادتوں میں بھر پور اتفاق رائے پا یا جاتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کی ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے کیلئے انتہائی اہم ہے اور ان منصوبوں کو دونوں ملکوں کے عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین سی پیک کو مزید آگے لیجانے میں پاکستان کیساتھ کام جاری رکھے گا۔ حملے کے بارے میں معلومات کے تبادلے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ تین مسلح افراد نے کراچی میں چینی مشن میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن سیکورٹی فورسز نے تینوں کو ہلاک کر دیا۔ترجمان نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو پاکستان پولیس اہلکار بھی جا ں بحق ہوئے۔ترجمان نے کہا کہ چین قونصل جنرل کراچی کا تمام عملہ اور انکے اہل خانہ کے افراد محفوظ ہیں۔