چین کےصدر اور وزیر اعظم نے پاکستان میں شدید سیلاب پر صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کو اظہار یکجہتی کے پیغامات بھیجے ہیں ، ترجمان دفتر خارجہ

226

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):چین کےصدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ نے پاکستان میں آنے والے شدید سیلاب پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کو پیغامات بھیجے ہیں جس میں انہوں نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مدد کی پیشکش کی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق چین نے سیلاب متاثرین کے کئے 100 ملین یوان مالیت کا امدادی سامان بھیجا ہے جس میں 25,000 خیمے اور دیگر امدادی سامان شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق دوست ملک عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے امدادی سامان لے کر پہلی دو پروازیں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گئی ہیں، 3000 خیموں کی پہلی کھیپ آج اور کل چین کی فضائیہ کی طرف سے فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی پروازوں کا استقبال وفاقی وزیر خرم دستگیر اور صوبائی وزیر محنت سندھ سعید غنی کے ساتھ حکومت پاکستان کے حکام اور پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے کیا۔ ترجمان نے دوست ملک چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزمائش کے وقت اس نے بروقت اور بھرپور تعاون کیا ہے۔