اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے چین کی جانب سے سرحد پار سفری پابندیوں میں نرمی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاک چین سرمایہ کاری کوریڈور سمیت عالمی سطح پر عوامی آمد و رفت اور بین الاقوامی تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
جمعرات کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل یہ اقدام عارضی اقدامات، وائرس کی ہیت میں تبدیلی، وبائی صورت حال اور اس کے رد عمل میں جاری کوششوں کے جامع جائزے کے بعد اٹھایا گیا ہے جس سے بین الاقوامی سفر و تعاون کی بحالی میں مدد ملے گی اور یہ معاشی و سماجی سرگرمیوں کو تیزی سے معمول پر لانے میں مدد گا ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی میں یہ تبدیلیاں جو وبائی مرض کی روک تھام اور اس پر کنٹرول کی پالیسی کے مطابق ہیں، سرحد پار سفر کو محفوظ، منظم اور موثر بنانے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں مددگار ہوں گی۔
میاں کاشف اشفاق جو پاکستان ساختہ عالمی معیار کے ہاتھ سے بنے فرنیچر کی برآمد کے لیے مسلسل چین کے دورے کرتے رہتے ہیں، نے کہا کہ یہ اچھا شگون ہے کہ چین کوویڈ کی تبدیل ہوتی ہوئی صورتحال کے مطابق انتظامات کو مزید بہتر کرنے اور تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے اس سے وبا کے انسداد کیلئے بین الاقوامی تعاون، صنعتوں اور سپلائی چین کے استحکام اور عالمی اقتصادی ترقی کی بحالی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی فرنیچر کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر مذاکرات کے لیے اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ چین کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔