چین کے جنوب مغربی صوبے گوئژو میں شدید سیلاب ، 80 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے

3

بیجنگ۔25جون (اے پی پی):چین کے جنوب مغربی صوبے گوئژو میں شدید سیلاب کی وجہ سے 80 ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق ریسکیو ٹیموں کو گوئژو کی دو متاثرہ کاؤنٹیز میں تعینات کر دیا گیا ہے، جہاں سیلاب پر قابو پانے کے لئے ہنگامی ردعمل کو بلند ترین سطح پر پہنچا دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک متاثرہ کاؤنٹی رونگجیانگ میں ایک فٹ بال گرائونڈ میں تین میٹر پانی کھڑا ہے جبکہ بعض رہائشی عمارتوں کی دو ،دو منزلیں سیلابی پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق منگل کی سہ پہر تک تقریباً 80,900 لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وسطی چینی صوبے ہنان میں شدید بارش کی وجہ سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا۔