نیویارک ۔30مئی (اے پی پی):امریکی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تجارتی مذاکرات تعطل کا شکار ہیں اور اس تعطل کو توڑنے کے لئے دونوں ممالک کے رہنما مداخلت کر سکتے ہیں ۔ رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کچھ تعطل کا شکار ہیں اور صورتحال کی بہتری کے لئےآئندہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ چند ہفتوں میں چین کے صدر شی جن پھنگ کے ساتھ فون پر مزید بات چیت کر سکتے ہیں۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ چند ہفتوں میں چین کے ساتھ مزید بات چیت ہوسکتی ہے ۔امریکی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ یہ ایک وسیع اور پیچیدہ معاملہ ہے اوراس بات کا امکان ہے کہ اس پر پیش رفت کو بحال کر نے کے لئے دونوں مملک کے صدور کو ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے صدور کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے چینی ہمارے ساتھ مذاکرات پر آمادہ ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کے بعد چین سے درآمدات پر 145 فیصد کی انتہائی بلند شرح سے محصولات عائد کر دیئے تھے جس کے جواب میں چین نے بھی رواں ماہ کے اوائل میں امریکی درآمدات پر 125 فیصد ٹیرف عائد کر دیا تھا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603120