اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوطرفہ تعاون پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اہم مقام رکھتا ہے، پاک چین دوستی اقتصادی شراکت داری میں داخل ہو چکی ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو چین کے سفیر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، پارلیمان اور عوام پاکستان چین دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی و خوشحالی دونوں کا مشترکہ وژن ہے، ایشیاءاقتصادی نقل و حرکت کا مرکز بن رہا ہے اور چین کا کردار خطے میں انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، دونوں ممالک کے مابین بین الاقوامی فورمز پر تعاون مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ون چائنہ پالیسی پر قائم ہے، چین نے پاکستان کے اہم مسائل پر پاکستانی موقف کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہا ہے، ادارہ جاتی تعاون اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں مزید تیزی لانا ہوگی۔