اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ سولر پینل ٹیکنالوجی کے حوالے سے کام کرنا چاہتے ہیں ،پاکستان میں سولر ٹیکنالوجی کے فروٖغ سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ ہوگا۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو 23 ویں پائیدار ترقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔فواد چوہدری نے کہا کہ چین کے ساتھ اگلے تین ماہ میں سولر پینل ٹیکنالوجی کے حوالے سے کام کرنا چاہتے ہیں ،بالخصوص حکومت بی ٹو بی کے فارمولے پر کام کرنا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سولر ٹیکنالوجی کے فروٖغ سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ ہوگا اور پیداواری کمپنیاں بھی منافع کما سکیں گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ چین کی طرح سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، توانائی اور سولر انرجی کے منصوبوں پر کام کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔مستقبل میں بھی وزارت ِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ،ایس ڈی پی آئی کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی تاکہ تعلیم،صحت ،توانائی ،ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں سمیت پاکستان کے روشن اور واضح موقف کو دنیا کے سامنے رکھ سکیں۔