چین کے سفارتخانے میں تائیکوناٹس آف شنزو 15کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

167

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):پاکستان میں چین کے سفارتخانے میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ممالک کے نوجوانوں کی خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں افہام و تفہیم کو بڑھانے، ترقی کو فروغ دینے اور عملی اور دوستانہ تعاون کو بڑھانے کے لیے تائیکوناٹس آف شنزو 15کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقادکیا گیا۔ یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چینی سفارتخانے نے شنگھائی تعاون تنظیم کے فرینڈشپ اور تعاون کمیشن (جی این ایف سی سی)، چائنا مینڈ سپیس ایجنسی، آل چائنا یوتھ فیڈریشن، چائنا سونگ چنگ لنگ فائونڈیشن اور ایس سی او یوتھ کمیٹی کے سیکرٹریٹ کی تقریب کی مشترکہ میزبانی کی۔

تقریب میں چینی سفارتخانے کے ناظم الامور پینگ چنکسو، پاکستان سائنس فائونڈیشن کے چیئرمین شاہد محمود بیگ، انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیز کے بانی آصف فرحت، انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی اسلام آباد کے ممبران اور مختلف سکولوں کے پاکستانی طلباءنے شرکت کی۔ اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز کی آٹھویں جماعت کی طالبہ علیزہ جمیل نے چینی خلاباز سے خلاءمیں سانس لینے کا طریقہ پوچھا تو خلا باز نے اس کا جامع طریقے سے جواب دیا۔

تائیکوناٹس آف شنزو 15ایونٹ نوجوانوں کے افق کو وسیع کرنے اور پراسرار اور متنوع کائنات کی تلاش کے بارے میں ان کے خوابوں کو روشن کرنے کے لیے اہم ہے۔ نوجوان چین پاکستان دوستی کے نوجوان سفیر اور دونوں ممالک کی امید ہیں، یہ رشتہ نسل در نسل منتقل ہونا چاہیے۔ رواں سال بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹوپراجیکٹ اورسی پیک کی دسویں سالگرہ ہے اور سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون اس کا ایک اہم حصہ ہے اور یقیناً سی پیک کے اعلیٰ معیار اور پائیدار ترقی کے لیے مضبوط تعاون فراہم کرے گا۔

چین اور پاکستان کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون نے کئی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں پاکستانی ادویات کے بیجوں کا چینی خلائی اسٹیشن سے تجربات کے بعد واپسی بھی شامل ہے۔ چین کی ترقی اور چینی جدیدیت پاکستان اور دنیا کے لیے مزید مواقع پیدا کرے گی۔