چین کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے سانحہ کوئٹہ پر پاکستانی صدر، وزیراعظم اور مشیر خارجہ کے نام علیحدہ علیحدہ تعزیتی پیغامات

142
Chinese President
Chinese President

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) چین کے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کی کیانگ اور وزیر خارجہ وینگ یی نے سانحہ کوئٹہ پر گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ چینی صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ تعزیتی پیغامات میں دہشت گردی کے واقعہ پر گہری تعزیت کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے صدر مملکت ممنون حسین کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں صوبہ بلوچستان میں کوئٹہ میں دہشت گرد حملہ کی خبر سن کر بڑا دکھ ہوا جس میں بھاری جانی نقصان ہوا، چینی عوام دکھ کی اس گھڑی میں گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے چین کی حکومت، عوام اور اپنی جانب سے سوگوار خاندانوں اور زخمیوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور دہشت گرد حملہ کی شدید مذمت کرتا ہے، چین دہشت گردی کے خاتمہ اور قومی استحکام کے تحفظ اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پاکستان کی کوششوں کی ٹھوس حمایت کرتا ہے۔