بیجنگ ۔28 اکتوبر(اے پی پی) چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا ہے کہ چائینہ انٹر نیشنل ایکسپو (سی آئی آئی ای) میں قائم کئے جانے والے پاکستانی پویلین میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی نمائش 5تا 10نومبر کو منعقد ہوگی اور چین کے صدر پاکستان پویلین کا خصوصی دورہ کرینگے۔ اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ عالمی نمائش میں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت سے نہ صرف ان کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کی جا سکے گی بلکہ اس سے پاک چین اقتصادی رابطوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں امریکہ ، یورپ سمیت دیگر ممالک کی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں اور اس میں 130ممالک کی 2800کمپنیاں شرکت کرینگی جبکہ 80ہزار چینی اور غیر ملکی کمپنیوں کے ایک لاکھ 60ہزار سے زائد تجارتی وفود کی شرکت بھی متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی آئی ای میں پاکستانی وفد کو خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے جو پاک چین دوستی کی عکاسی ہے۔