اسلام آباد ۔ 28 مئی (اے پی پی) چین کے نائب صدر وانگ چی شان پاکستان کا انتہائی کامیاب تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے منگل کو وطن واپس روانہ ہو گئے۔ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان اعلی سطح پر تبادلوں کا تسلسل تھا۔ منگل کو دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق چینی نائب صدر کے حالیہ دورہ سے پاکستان اور چین کے درمیان وقت کی ہر آزمائش پر پورے اترے تعلقات مزید گہرے اور مستحکم ہوئے ہیں۔ چینی نائب صدر کے دورے نے دونوں ملکوں کی قیادت کو دو طرفہ تعلقات کو تمام پہلوﺅں پر نظرثانی اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کیا۔ صدر مملکت سے ملاقات کے علاوہ چین کے نائب صدر نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ بھی تفصیلی ملاقات کی اور دونوں رہنماوں نے متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کئے اور متعدد اہم منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے چینی نائب صدر کو پاکستان کا سب سے اعلی سول ایوارڈ ’نشان پاکستان‘ دیا۔ چینی نائب صدر نے لاہور میں وزیراعلی پنجاب اور گورنر پنجاب سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ فریقین نے صنعتی و زرعی تعاون اور اقتصادی و سماجی ترقی اور سیاحت کے شعبہ میں عملی تعاون گہرا کرنے سمیت سی پیک کے دوسرے مرحلے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ملکوں نے سی پیک کے جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ اور دو طرفہ تجارتی حجم میں اضافے پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے اتفاق کیا کہ ترجیحی خصوصی اقتصادی زونز کی جلد از جلد تعمیر دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے میں اہم کردار ادا کریگا۔